ممبئی، 7/نومبر (ایس او نیوز /ایجنسی)شیو سینا (ادھو بالاصاحب ٹھاکرے) کے قومی ترجمان سنجے راؤت نے بی جے پی پر مہاراشٹر کی سیاست کو زہر آلود کرنے کا سنگین الزام لگایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مہاراشٹر میں ہمیشہ تہذیب کے ساتھ سیاست کی جاتی رہی ہے اور یہاں کی سیاسی روایات میں احترام، شائستگی اور نظم کی اہمیت رہی ہے۔
سنجے راؤت نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’بی جے پی نے جو زہر اور گندگی مہاراشٹر کی سیاست میں پھیلائی ہے، دیویندر فڑنویس اس کے سرغنہ ہیں۔ یہاں مہاراشٹر کی سیاست میں تہذیب و شرافت کی روایت رہی ہے۔ یہ وہ ریاست ہے جس نے لوک مانیہ تلک اور ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر جیسے رہنما پیدا کیے، جنہوں نے کبھی سیاسی روایات کو آلودہ نہیں ہونے دیا۔ مگر اب دیویندر فڑنویس اور مرکز میں نریندر مودی کے دور میں سیاست کو ‘گٹر’ میں تبدیل کیا جا رہا ہے‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ "مہاراشٹر کے عوام دیویندر فڑنویس سے نفرت کرتے ہیں۔ میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ مہاراشٹر کے تین دشمن ہیں، دیویندر فڑنویس، ایکناتھ شندے اور اجیت پوار۔ ان کی سیاست نے ریاست کو ‘گٹر’ بنا دیا ہے۔‘‘
سنجے راؤت نے شرد پوار کی عظمت کو تسلیم کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بابائے سیاست کہا جاتا ہے اور وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی انہیں اپنا استاد مانا ہے اور انہیں پدم وبھوشن سے نوازا ہے۔ مگر اس کے باوجود دیویندر فڑنویس بد زبانی سے گریز نہیں کرتے۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ 288 اسمبلی سیٹوں والے مہاراشٹر میں 20 نومبر کو ایک ہی مرحلے میں انتخابات ہوں گے اور نتائج 23 نومبر کو سامنے آئیں گے۔ سابقہ انتخابات میں بی جے پی نے سب سے زیادہ 105 نشستیں حاصل کی تھیں، جب کہ شیو سینا کو 56، این سی پی کو 54 اور کانگریس کو 44 سیٹوں پر کامیابی ملی تھی۔